اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت قانون نےعام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ 2 ہفتے بعد وارثتی سرٹیفکیٹ ملنا شروع ہوجائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عدالتوں میں آدھے کیسز زمینوں پر قبضوں کے ہوتے ہیں۔ سزاؤں میں تاخیر سے بڑے مجرمان بچ جاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات لائیں گے۔ وراثتی سرٹیفکیٹ کا 15 روز میں اجرا خوش آئند ہے۔ سرٹیفکیٹ کے جلد اجرا سے اوورسیز پاکستانیوں کا مسئلہ حل ہوگا۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہونی چاہیے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ایک ماڈل ریاست تھی۔ مدینہ کی ریاست میں انصاف اور انسانیت تھی۔ مدینہ کی ریاست بنی ہی عوام کے لیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت قانون نے عام عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ پیسے والے لوگوں کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ ہمارے قانون میں آسانیاں نہیں ہیں بلکہ مشکلات ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں قبضہ گروپ ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے ہوجاتے ہیں۔ زمینوں کے کیسز جو 40 سال چلا کرتے تھے اب جلد حل ہوں گے۔ سول پروسیجر کورٹ زبردست اقدام ہے۔ نئے قانون سے 2 ہفتوں میں وراثتی سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد عام آدمی کی زندگی میں سہولت لانا ہے۔ پاکستان میں پیسے والے شخص کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔
