لاہور: پاکستان ریلوے نے سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 230 تیز رفتار مسافر کوچز اور 820 مال بردار گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق دو مرحلوں میں خریدی جانے والی 230 جدید مسافرکوچز کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔ پہلےمرحلےمیں 46 مسافر کوچز درآمد کی جائیں گی۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق دوسرے مرحلے میں 184 کوچز کیرج فیکٹری اسلام آباد میں خام مال سے تیار کی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق 820 مال بردار گاڑیوں میں سے 200 مال گاڑیاں مکمل درآمد کی جائیں گی، جبکہ 620 مال گاڑیاں خام مال سے ریلوے فیکٹری میں تیارکی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: تیز گام ٹرین سانحہ: پاکستان ریلوے نے سلنڈر لے جانے پہ پابندی عائد کردی
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ریلوے نے مارکیٹ کی ضرورت اور اپنے بزنس ٹارگٹ کو بڑھانے کے لیے یہ اقدامات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیرنونگ رونگ سے ملاقات کے دوران پاکستان چین تعلقات اور ریل منصوبوں پر بات چیت کی گئی تھی ملاقات میں ریلوے کے کراچی پشاور مین لائن ون منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا
چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد اور بھروسے پر قائم ہے جبکہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ریلوے میں روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور ایم ایل ون منصوبے کے لیے چینی اشتراک پر بے حد مشکور ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
چینی سفیر نے کہا تھا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔
