اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مسلم ممالک کے سربراہان کو خط مسلمانوں کے جذبات و احساسات کی ترجمانی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مختلف مغربی ممالک میں مذہب کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کی حوصلہ افزائی افسوسناک ہے۔
وزیراعظم کامسلم ممالک کےسربراہان کوخط دنیابھرکےمسلمانوں کےجذبات واحساسات کی ترجمانی ہے۔مختلف مغربی ممالک میں اسلام اور آنحضور ﷺ کےخلاف نفرت انگیزاقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا افسوسناک ہے۔خودکو مہذب اورعالمی حقوق کا علمبردارکہلوانےکےدعویدار مسلمانوں کےجذبات کا احترام بھی سیکھیں۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) October 29, 2020
شبلی فراز نے تحریر کیا کہ خود کو مہذب اور عالمی حقوق کا علمبردار کہلوانے کے دعویدار مسلمانوں کے جذبات کا احترام سیکھیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اسلامی ممالک کے سربراہان کو خط لکھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کی اشاعت: فرانسیسی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج
وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے سربراہان سے درخواست کی ہے سب توہین رسالت اور اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہو کر پوری دنیا کو واضح پیغام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہودیوں کی ہولوکاسٹ کے خلاف آواز اٹھانے کا طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا اور مغرب کو بتانا ہو گا کہ نبی پاکﷺ کی ذات ہمارے لیے کتنی مقدس ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک کی ہولوکاسٹ پر تنقید پر پابندی کی پالیسی کا احترام کرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ مسلمانوں کے عقائد کا بھی احترام کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکے اور قرآن پاک کو شہید کرنے کے واقعات اسلامو فوبیا ظاہر کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، وزیراعظم کا اسلامی ممالک کے سربراہان کو خط
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
