اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں تازہ سیاسی اور ملکی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے بیان پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے۔ اراکین کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم کنے کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ پبلک کرنے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار ہوائی حادثات کی رپورٹس پبلک کی جا رہی ہیں۔ ہم نے چینی اور گندم بحران کی رپورٹ بھی پبلک کی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین اور ترجمانوں نے وزیراعظم کے فیصلوں اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وائس آف امریکہ اردو سروس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے انکشاف کیا تھا کہ جہانگیر ترین نے زور لگا کر اسد عمر کو وزارت سے فارغ کرایا تھا۔
مزید پڑھیں: بی این پی کے کچھ مطالبات جائز جبکہ کچھ پر ہمیں تحفظات ہیں، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا تھا کہ بعد میں اسد عمر نے زور لگاکر جہانگیر ترین کو فارغ کردیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کی قیادت کمزور لوگوں کو دی ہے، جو ہر بات پر ڈکٹیشن لیتی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جیسا لیڈر پوری مسلم امہ میں نہیں، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں ملاقاتیں ہوئیں لیکن بات بنی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو اندورنی جھگڑوں نے نقصان پہنچایا، ہر پارٹی میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن جس شاخ پر بیٹھتے ہیں اسے کاٹا نہیں جاتا۔
