اسلا م آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل میں خلوص نیت کے ساتھ کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس میں افغانستان میں دیرپا قیام امن کی کوششوں کے حوالے سے اور خطے میں امن و امان کی صورتحال اور خارجہ پالیسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری خارجہ اوروزارت کے افسرا ن اور اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ميں کورونا وبا تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہمیں احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے بحیثیت قوم اس وبا کو شکست دینا ہوگی۔ کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کےلیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت سرکار کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی۔
اس دورے میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔ پاکستان کے افغانستا ن کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں افغان مفاہمتی امن عمل، سرحدی امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی تھی۔ اس ملاقات کا پس منظر افغان مفاہمتی عمل تھا جو اگلے مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق ملاقات مین افغانستان پاکستان ایکشن پلان پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کی سرحد پر آہنی باڑ اور بارڈر کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے اس ملاقات سے افغان امن عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ زلمے خلیل زاد نے بھی چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز ملاقات کی تھی جس کے بعد پاکستان نے افغانستان کےلیے محمد صادق کو نمائندہ خصوصی تعینات کیا تھا۔
