کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سندھ بھر میں ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف بطور احتجاج وزیراعلیٰ کے لئےچوڑیاں خرید لائے۔
پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی خرم شیر زمان اور سیما ضیا نے لائی ہوئی چوڑیاں سندھ اسمبلی کے احاطے میں یہ کہہ کر دکھائیں کہ عوام کا مقدمہ نہ لڑسکنے والی حکومت انہیں پہن لے۔
خرم شیر زمان نے حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وفاق بجلی نہیں دے رہا ہے تو صوبائی حکومت کیا کررہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور دیگر وزرا وفاق سے احتجاج کے بجائے اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں۔
پی ٹی آئی کی رکن سیما ضیا کا کہنا تھا کہ سندھ میں بجلی نہیں ہے اور صوبائی حکومت نے کچھ کیا بھی نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اس ضمن میں تحریک التوا بھی جمع کرائی اور مؤقف اپنایا کہ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ہے۔
چوڑیوں کے حوالے سے ملک گیر شہرت کا حامل حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے۔
صوبہ سندھ میں روایتاًً کسی کا احساس جگانے کے لئے چوڑیاں بھیجی جاتی ہیں۔
