کراچی: کورونا وائرس سے پاکستان کے سب سے گنجان آباد شہر کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 15 اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 188 تک پہنچ گئی۔ کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد 9 ہزارسے تجاوزکرگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہزار 535 تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران 453 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کیسزکی تعداد 12 ہزار610 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبےمیں اموات کی تعداد 218 تک پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 724 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 674 تک پہنچ گئی.
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 593 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 18 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 555 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید
سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 869، خیبرپختونخوا 4,875، بلوچستان 2,061، اسلام آباد 716، آزاد کشمیر 86 اورگلگت بلتستان میں 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 257 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 200، پنجاب میں 211، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 957 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 3 لاکھ 05 ہزار851 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔
