لندن: عالمی وبا کورونا وائرس کے دور کی یادیں محفوظ کرنے کے لیے لندن کا عجائب گھر متحرک ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے استعمال شدہ اشیا لندن میوزیم کا حصہ بننے لگی ہیں۔
میوزیم آف لندن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے دوران زندگی کی عکاسی کرنے والی کچھ اشیا عطیہ کریں۔
اس اپیل کے تناظر میں لندن کے عجائب گھر میں ماسک، سلیپرز، دستانے اور دیگر یادگار چیزیں جمع کی جا رہی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران سرگرمیوں کی تصاویر بھی میوزیم کا حصہ بن رہی ہیں جب کہ کورونا وائرس کے دوان استعمال ہونے والی اشیا بھی جمع کی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیشتر یورپی ملکوں میں آج سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان
میوزیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لوگ اگر کوئی نیا کام بھی ایجاد کررہے ہیں تو وہ اس کے شواہد بھی میوزیم میں جمع کرا کر خود کو تاریخ میں رقم کرا سکتے ہیں۔
میوزیم انتظامیہ نے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ اپنے احساسات سے متعلق ویڈیو ریکارڈ کر کے بھیجیں کہ وہ اپنے گھروں میں کیسا محسوس کر رہے ہیں
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 15 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 85 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 81 ہزار سات سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: امریکہ کے نائب صدر قرنطینہ میں چلے گئے
اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 68 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 7 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 23 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 32 ہزار سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔
