پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تمام دکانیں ہفتے میں 4 دن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاک ڈاوَن میں نرمی سے متعلق محکمہ بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ اشیائے خوردونوش کے علاوہ تمام دکانیں جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔
اعلامیہ کے مطابق صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق فیصلہ متعلقہ یونین کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ 9 مئی بروز ہفتہ سے ملک میں لاک ڈاؤن مرحلہ وار کھولا جائے گا۔
وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروری کوملک میں کوروناکا پہلا کیس سامنے آیا اور یہ وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان سمیت دنیابھر میں لاک ڈاوَن کیا گیا اور یورپ میں وائرس سےہزاروں اموات ہوئیں ہیں۔
عمران خان نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن سے چھوٹا طبقہ زیادہ متاثر ہوتا ہے لیکن اللہ کا کرم ہے کہ پاکستان پر زیادہ پریشر نہیں پڑا۔ سوچتے رہے کہ کون سا وقت ہے جب ہم چیزیں کھولنا شروع کریں۔لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ سب صوبوں کے ساتھ ملکر کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ صوبوں کے ساتھ ملکر فیصلہ کیا کہ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیکس اہداف 35 فیصد نیچے آگئے ہیں۔
وائرس کتناوقت لے کوئی نہیں جانتا لہذا بڑے عرصے تک لاک ڈاوَن ممکن نہیں، حکومت کس وقت تک متاثرین کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔
عمران خان نے بتایا تھا کہ احتیاط سے ہی وائرس کے اثرات پر قابو پایاجاسکتا ہے۔ عوام کی انفرادی ذمہ داری ہے وہ خود احتیاط کریں۔ مشکل وقت سے نکلنا ہے تو ذمہ دار شہری بننا ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر شعبے کے لیے ایس او پیز بنائیں گے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کے فیصلے پر اتفاق نہیں ہوا لیکن میں سمجھتا ہوں پبلک ٹرانسپورٹ سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔ کوئی بھی فیصلہ صوبوں کے بغیرنہیں ہوگا لیکن اس پر پبلک ٹرانسپورٹ سےمتعلق ایس او پیز بنائیں گے۔
