اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے 2.5 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی جبکہ بجلی صارفین کو ریلیف دینے سے متعلق سمری پر فیصلہ کل تک مؤخر کر دیا۔
ای سی سی کا اجلاس مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا جس میں وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کےلیے 84 کروڑ روپے کے سبسڈی چارجرز کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کےلیے 9 کروڑ روپے سے زائد سپلیمنٹری گرانٹ کی منظور دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کےلیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظوری کی گئی ہے۔ خیبر پختوانخوامیں ایف سی ٹریننگ سینٹر کے قیام کیلئے ایڈوانس فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
ای سی سی کے گزشتہ اجلاس میں گندم کی قیمت 14 سو روپے فی من مقرر کی گئی تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کے لیے 20 ارب روپے کا خصوصی ریلیف پیکج منظور کر لیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کارکے کیس میں لیگل فیس کی ادائیگی کیلئے 1.5 ملین ڈالر کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری اور احساس پروگرام کے تحت رقوم کی ترسیل پر 30 جون تک ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔
