اسلام آباد: چینی سفیر نے کہا ہے کہ چین ہر طرح سے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے چینی سفیر کی سربراہی میں چینی ماہرین صحت کی ایک ٹیم نے قومی ادارہ صحت کا دورہ کیا تاکہ پاکستان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے چین کے تجربات کو شئیر کیا جا سکے۔
قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجرجنرل عامر اکرام نے چائنیز ہیلتھ ٹیم کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان میں کورونا کی صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے چینی وفد کا کرونا وائرس کو کنٹرول کے لیے پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا ساتھ دیا اور چین نے نہ صرف اپنے ملک میں وائرس کو بہت اچھے طریقے سے کنٹرول کیا بلکہ باقی ممالک کو بھی اس وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے مدد فراہم کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ قومی ادارہ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی سربراہی میں کورونا کے لیے قومی رسپانس اور منیجمنٹ کی سرگرمیوں کو مربوط کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین نے ایک بار پھر دنیا کو دکھایا ہے کہ وہ پاکستان کے دوست ہیں اور وہ مشکل وقت میں ہر صورتحال کے لیے تعاون اور ہم آہنگی کے لیے دستیاب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا سے 13 افراد ہلاک، 1526 متاثر
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کے لیے پہلے نمبر کی ترجیح ہے اور دونوں ممالک ہر موسم کے دوست ہیں۔ چین پاکستان کے لیے ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا۔
قومی ادارہ صحت کی تکنیکی ٹیم نے چینی ماہرین سے ملاقات کی اور بیماری کو قابو کرنے کے حوالے سے ہیلتھ ٹیم کی ماہرانہ رائے بھی لی۔
