لندن: کورونا وائرس کے باعث اسپینش فٹ بال لیگ کے بعد انگلش فٹ بال پریمئیر لیگ کے مقابلے بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کےمطابق ایف اے کپ سمیت تمام فٹ بال مقابلے 3 اپریل تک ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کے معروف فٹبال کلب آرسنل کے ہیڈ کوچ میکیل آرٹیٹا کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کلب کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔
لندن کالونی اور ہیل میں ٹریننگ کے مراکز کو بند کردیا گیا ہے اور حکام نے مشاورت کیلئے ہنگامی میٹنگز بلالی ہیں۔
کلب کے ہیڈ کوچ کو جمعرات کی رات9 بجے ہلکا بخار ہوا جس کے بعد انہیں علاج کے لیے لے جایا گیا جہاں کوروناوائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار
فٹبال کھیلنے والی ٹیم، کوچنگ کا عملہ اور ہیڈ کوچ کے قریبی افراد کو 14 دن کیلئے ان سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وہ مارچ کے آخر تک ٹیم کی ٹریننگ نہیں کر سکیں گے۔
دوسرے اہلکار جنہوں نے ہیڈ کوچ کے آس پاس وقت گزارا ہے ان کو بھی الگ رہنا پڑے گا اور ان کی تعداد کم سے کم 100 ہو سکتی ہے۔
آرسنل کلب کے ہیڈ کوچ نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیسٹوں کے بعد مجھے کورونا وائرس کا علم ہوا جو کہ مایوس کن ہے اور میں بہت جلد کام کیلئے دستیاب ہوں گا۔
