اسلام آباد: ایوی ایشن ڈویژن نے کہا ہے کہ چین سے براہ راست پاکستان کا فضائی آپریشن بحال رہے گا اور دو طرفہ پروازیں معمول کے مطابق ہونگی۔
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن عبدالستار کھوکھر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ چین سے پاکستان کی پروازوں پر پابندی عائد نہیں کی ہے۔
ترجمان نے کہا ہے چین سے پاکستان آنے والی پروازوں کے تمام مسافروں مکمل سکریننگ کی جارہی ہے۔ ملک کے تمام ایئرپورٹ پر اس حوالے سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایس او پیز پر عملدر آمد کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے حکومت نے چین سے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن ایک بار پھر معطل کردی ہے۔
ایوی ایشن ڈویژن سے تردیدی بیان آنے کے بعد ظفر مرزا اپنے ہی بیان سے مکر گئے اور کہا کہ چین سے پاکستان کے لیے پروازیں معطل نہیں کی گئی ہیں۔
اس سے قبل اپنے بیان میں ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان سے چین جانے والی تمام پروازوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت نے چین سے پروازوں کی معطلی کا فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/229632/” position =”left”]
خیار رہے کہ گزشتہ رات بیجنگ سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض کے آنے کے بعد وزارت صحت نے ایوی ایشن ڈویژن سے چین سے براہ راست پروازوں پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کردی تھی۔
