لاہور: گزشتہ روز وکلاء کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کاڈیالوجی(پی آئی سی) پر حملے کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آج وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے پی آئی سی واقعے سے متعلق معلومات لی گئیں۔
وزیراعظم کی جانب سے عثمان بزدار سے امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو پی آئی سی معاملے کی ابتدائی رپورٹ پر بریفنگ دی۔
گزشتہ روز وکلاء نے پی آئی سی پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/219375/” position =”left”]
بعدازاں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائی کی گئی اور متعدد وکلاء کو حراست میں بھی لیا گیا۔
وکلاء نے ناصرف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسپتال اور باہر پارک کی گئی متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے جبکہ ایک پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔
کیپیٹل سٹی پولیس افسر(سی سی پی او) لاہور ذوالفقارحمید کے مطابق پی آئی سی پر دھاوا بولنے والے وکلا کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے متعدد وکلا کو گرفتار کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ذرائع سے فوٹیجز حاصل کی گئی ہیں جن سے ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار وکلا کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ہنگامہ آرائی میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔