سیہون شریف: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے آبائی شہر بھان سیدآباد میں آوارہ کتے نے سات سالہ بچے اکبر لغاری کو کاٹ ڈالا۔
ذرائع کے مطابق بھان سید آباد اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے بچے کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
بھان سید آباد اسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر سرور چنہ نے ہم نیوز سے فون پر بات کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ ویکسین آج ہی ختم ہوئی ہے۔ آج سیہون آ رہا ہوں وہاں سے ویکسین لے کر آوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ
خیال رہے کہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات اور ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے تھے کہ صرف ویکسین کی اسپتالوں میں دستیابی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ شہری انتظامیہ کتے بھی پکڑے۔
