اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اورپہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
جمعے کے روز پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑسکتی ہے۔
پنجاب کے متعدد میدانی علاقوں شدید دھند کے سبب حد نگاہ کم ہوگئی ہے اور موٹروے کو بھی کئی جگہوں سے بند کر دیا گیا ہے۔
چیچہ وطنی، رینالہ خورد، پاکپتن، عارف والا، ساہیوال،اوکاڑہ، پتوکی، ڈجکوٹ اور شرقپور شریف میں شدید دھند کے سبب اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
موٹروے پولیس نے عوام کو غیرضروری سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ ڈرائیور حضرات کو گاڑیوں کی رفتار آہستہ رکھینے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے ایم2 دھند کے سبب ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹھوکر نیازبیگ، کالاشاہ کو، بابو صابو اور فیض پور انٹرچینج سے گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
ٹھوکرنیاز تا ہرن مینار 40سے50 جبکہ کوٹ سرور تک حد نگاہ 100میٹر رہ گئی ہے۔ شرقپور شریف میں دھند زیادہ ہونے کی وجہ سے کراچی موٹروے متعدد جگوں سے بند ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، گلگت بلتستان کے اضلاع اور مردان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
