لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک باصلاحیت اور قابل جرنیل ہیں قوم کو ان کی اشد ضرورت ہے۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملہ پر بھارت کیوں خوفزدہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ اور ساری قوم عمران خان کے قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کی پاکستانی قوم اور پوری دنیا معترف ہے۔ فوج کے سپہ سالار کی تقرری ایک باقاعدہ نظام کے تحت ہوتی ہے اور اس کے قانونی پہلو سپریم کورٹ پاکستان میں زیر بحث ہیں۔
سربراہ مسلم لیگ ق نے کہا کہ پوری قوم کو حیرانی ہے ہندوستانی میڈیا اس مسئلے کو سامنے رکھ کر پاکستان کی حکومت، فوج اور عدلیہ کو حسب معمول تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ یہ ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اور اس سے ہندوستان یا کسی بھی ملک کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں ںے کہا کہ مسلح افواج نے مشکل حالات میں پاکستان میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ ہندوستان کو یاد رکھنا چاہئے اگر اس نے پاکستان کے خلاف کوئی غلط اندازے لگائے تو وہ گہرا اور ناقابل تلافی نقصان اٹھائے گا۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے قومی اداروں کا وقار مجروح کر دیا، سراج الحق
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو نہ صرف ناکام بنایا ہے بلکہ کشمیری قوم کو نیا حوصلہ اور جذبہ دیا ہے کہ ان کی آزادی کے دن بہت قریب ہیں۔
