اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے حفاظتی ضمانت ملنے کے باوجود مبینہ جعلی مقابلے کا اہم کردار راؤ انوار عدالت عظمی میں پیش نہیں ہوئے۔
ہم نیوز کے مطابق کراچی پولیس کے سابق ایس ایس پی نے نقیب اللہ محسود قتل کے ازخود نوٹس کیس میں جمعہ کو سپریم کورٹ میں پیش ہونا تھا تاہم وہ نہیں پہنچے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے سماعت کے دوران انسپکٹر جنرل سندھ پولیس سے استفسار کیا کہ ‘کیا راؤ انوار تشریف لائے ہیں’؟ اے ڈی خواجہ نے جواب دیا کہ وہ تاحال نہیں آئے۔
راؤ انوار کی آمد کا انتظار کرنے کے لئے کیس کی سماعت میں وقفہ سے قبل چیف جسٹس نے پھر استفسار کیا کہ ‘اب ہمیں کیا کرنا چاہئے’؟
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کو پورا موقع دیا تھا، ان کی گرفتاری پولیس کا کام ہے، تمام ادارے بھی مدد کیلئے تیار ہیں۔
مشکوک پولیس مقابلوں کے متنازعہ ترین کردار تسلیم کئے جانے والے راؤ انوار کے پیش نہ ہونے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ راؤ انوار نے اپنا موقع گنوا دیا، حفاظتی ضمانت دی، آزاد مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے رہے تھے۔
مبینہ جعلی مقابلے میں قتل کئے گئے نقیب اللہ کے والد کی جانب سے فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
