اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک میں جاری صورتحال پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ پاکستانی مافیا بھی سسلین مافیا کی طرح ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
عمران خان نے ہفتے کی صبح ایک خبر ٹویٹ کی اور لکھا کہ پاکستانی مافیا رشوت، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دے رہا ہے، ریاستی اداروں اور عدلیہ پر بھی دباؤ ڈالاجا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ یہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع دولت کا تحفظ چاہتے ہیں۔
In a similar vein to the "Sicilian mafia", the Pakistani mafia uses tactics of bribe, threat, blackmail and begging to pressurise state institutions and judiciary in order to protect their billions of money laundering stashed abroad.https://t.co/DcXWNZntq3
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 13, 2019
عمران خان نے یہ ٹویٹ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب ملک میں تاجر تنظیمیں ہڑتال کر رہی ہیں اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک پر دباؤ میں فیصلہ سنانے کا الزام لگایا جارہا ہے۔
پاکستان میں بڑی اپوزیشن جماعتوں کی قیادت اس وقت جیل میں ہے اور ان کیخلاف بندعنوانی و منی لانڈرنگ کی تفتیش ہو رہی ہے۔
حکمران جماعت کے سربراہ عمران خان کئی بار اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ ملک کے ادارے آزاد حیثیت میں کام کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت نے کسی کے خلاف مقدمہ قائم نہیں کیا۔
عمران خان یہ بھی کہہ چکے ہیں ملک میں کرپشن کیخلاف بلا تفریق مہم جاری رہے گی اور کسی کے لیے لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب اپوزیشن سمجھتی ہے کہ حکومت احتساب کی آڑ میں انتقام کی سیاست کر رہی ہے اور امر کے لیے اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
