لاہور: مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بھائی سابق وزیراعظم نواز شریف کا جیل میں علاج ٹھیک نہیں ہورہا اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کو طبی سہولیات نہیں مل رہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے ہم نے پہلے بھی دیکھے ہیں، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بھی ہم جیلوں میں گئے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/176927/” position =”left”]
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تین مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے شخص کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔
حالیہ مہنگائی میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مزدور دشمن اور غریب دشمن ہیں، پوری قوم بدحالی اور مہنگائی کا شکار ہے۔
پارٹی رہنما رانا ثناءاللہ کی گزشتہ روز گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرفتاری عمران خان کا بدترین جبر ظلم اور ناانصافی ہے۔
’مشاورتی اجلاس میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا گیا‘
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس کے دوران کل کی صورت حال پر بات چیت ہوئی اور آگے کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء نے میرے ساتھ پنجاب میں وزیر قانون دس سال کام کیا، وہ خود منشیات کے اڈوں کے خلاف آپریشن کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کی پارٹی نے 11 ماہ میں ملک کو تباہ کردیا، ان کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کے باعث پورے ملک میں ہڑتالیں ہورہی ہیں اور اس سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ کارروائی کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اداروں کو بھی بدنام کرا رہے ہیں، ہاکستان کی عوام ہریشان ہیں، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف عمران نیازی کے وار اس لیے ہیں کہ ہم غریب عوام کی آواز ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نیازی اگر تم مہنگائی اور بے روزگاری ختم کردو تو ہم سب جیل جانے کو تیار ہیں۔
