لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ 9 ارکان قومی اسمبلی تحریک انصاف کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں اور یہ تعداد بیس تک جا سکتی ہے۔
ایکسپو سنٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف والے کہتے تھے کہ بجٹ منظور نہیں ہو گا، اب وہ پچیس ووٹوں سے ہو چکا ہے، مرکز میں اس وقت نو ممبر جوگر پہن کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار بیٹھے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل سے عمران خان کی سیاست شروع ہو گئی ہے، ہم کرپٹ مافیا اور کمیشن خوروں کے لئے ملک کو سیاسی قبرستان بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کے ساتھ ہاتھ کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے اپنے ساتھ ہاتھ ہو گیا۔
انہوں نے قبضہ گروپ کو تنبیہ کی کہ وہ نوے دن کے اندر ریلوے میں پیسے جمع کرا دیں۔
چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کو سیاسی سودے بازی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو چیئرمین بننا اور بنانا آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز لیگ اور نواز لیگ الگ الگ پارٹی ہیں، شہباز شریف کی بھتیجی نے نون لیگ پر قبضہ کر لیا ہے، اب میثاق جمہوریت نہیں مذاق جمہوریت بن گیا ہے۔
شیخ رشید نے اعلان کیا کہ رائل پام کیس جیتنے کی خوشی میں وہ 11 اپریل کو تمام صحافیوں کو ڈنر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فریٹ کی 6 ٹرینیں شروع کی جائیں گی اور فریٹ کا شعبہ کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو الٹا کر کچھ نہیں نکلےگا، پیار سے پیسے نکالنا چاہئیں۔
