اسلام آباد: وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں قطر کے ساتھ تعلقات میں قومی مفاد کے تحفظ کی بجائے خاندانی مفادات کو ترجیح دی گئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات اب متحرک معاشی تعاون میں تبدیل ہوں گے اور اسے باہمی معاہدوں سے مزید وسعت دی جائے گی۔
ماضی میں قطر کے ساتھ تعلقات میں قومی مفاد کے تحفظ کی بجائے خاندانی مفادات کو ترجیح دی گئی۔اب قریبی اور خوشگوار تعلقات مضبوط اور متحرک معاشی تعاون میں تبدیل ہوں گے ۔دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں معاہدے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) June 23, 2019
مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان سرمایہ کاری اورسیاحت کےلیے پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے اور وزیراعظم پاکستان کوسرمایہ کار دوست ملک بنانے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور قطر کے درمیان یادداشتوں پر دستخط
ان کا کہنا تھا کہ امیر قطرکا دورہ باہمی بھائی چارے پر مبنی تعلقات مزید مضبوط کرے گا۔
خیال رہے کہ امیر قطر گزشتہ روز ہی پاکستان پہنچے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں
سیاحت اور تجارت کی ترقی کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت جبکہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد،خفیہ معلومات کے تبادلے کی یاد داشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
