اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر قوم کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔
قوم کےنام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
’10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار سے 30 ہزار ڈالر پر چلا گیا، ہم نے جتنا ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا ان قرضوں کے سود کی ادائیگی میں چلا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے پاس ڈیٹا موجود ہے اور بدعنوانی کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم اثاثے ظاہر کرنے کے لیے ہم ایک اسکیم لائے ہیں۔
انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ 30 جون تک اثاثے ظاہر کرسکتے ہیں، یہ سنہری موقع ہے۔
وزیراعظم نے خواہش کا اظہار کیا کہ لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کو مشکل صورت حال سے نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری ختم کرنے کے لیے عوام کےتعاون کی ضرورت ہے، ہمیں اسے لازمی روکنا ہے، میں نہیں چاہتا کہ پاکستان کےعوام کو کوئی مشکل پیش آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام ساتھ نہیں ہوں گے تو قرضوں کی دلدل سے نہیں نکل سکتے، پچھلے سال کا ٹیکس قرضوں پر سود کی ادائیگی میں چلاگیا۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری قوم مشکل وقت میں ساتھ دینے والی ہے، شوکت خانم اسپتال کے لیے پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر پیسے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحران سے بھی ہم آرام سےنکل سکتےہیں اور اپنے لوگوں کو غربت سے نکال سکتے ہیں۔
