اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو چاند نظر آنے کے کوئی امکانات نہیں، اس لیے پہلا روزہ منگل کو ہی ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق اگرچہ 29 شعبان کی شام چاند کی پیدائش ہو جائے گی لیکن انسانی آنکھ کی اس تک رسائی کے لیے ضروری عمر پوری نہیں ہوئی ہو گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند 5 جولائی کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 03:45 پر پیدا ہو جائے گا اور اسے نظر آنے کے لیے 19 گھنٹے اور 21 منٹ کی عمر درکار ہو گی۔ اس لیے 6 جولائی کی شام کے وقت چاند نظر آ جانے کے واضح امکانات ہیں۔
پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 مئی (29 شعبان) بروز اتوار ہو گا، چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ 6 مئی ورنہ 7 مئی کو ہو گا۔
متحدہ عرب امارات سے شائع ہونے والے اخبار کے مطابق سعودی عرب، امریکہ اور یورپ میں 5 مئی کو چاند نظر آنے کا امکان ہے، اس لیے ان علاقوں میں 6 مئی کو رمضان المبارک کا آغاز ہو سکتا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان اور ایران میں 6 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
اس سال ماہ رمضان میں سب سے طویل روزہ روس کے علاقے مرمانسک میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 20 گھنٹے 45 منٹ تک ہو گا۔ اسی طرح مختصر ترین روزہ ارجنٹینا میں 11 گھنٹے کا ہو گا۔ پاکستان کی بات کی جائے تو یہ دورانیہ 15 گھنٹے سے زیادہ ہو گا۔
