آپ نے ریت میں پکتی چھلی تو دیکھی ہوگی، ریت پر پکی روٹی کبھی نہیں دیکھی ہوگی ۔ چولستان کی گرم ریت میں پکنے والی روٹی کی خبر آپ کے لیے غیر متوقع ہوسکتی ہے۔
ہرعلاقے کی کوئی نہ کوئی سوغات ہوتی ہے، کھانے پینے کے حوالے سے چولستان کی ویسے تو بے شمار سوغاتیں ہیں مگر ایک نرالی سوغات ریت پر پکنے والی صحرائی روٹی ہے جسے مقامی زبان میں کوکی بھی کہا جاتا ہے۔
گرم ریت میں روٹی پکانے کے لئے توے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی ۔ لکڑیاں جلا کرریت گرم کی، پیڑے سے روٹی بنائی اور تپتی ریت میں اسےرکھ دیا۔ بیس سے پچیس منٹ میں گرما گرم کوکی پک کر کھانے کے لئے تیارہوجاتی ہے ۔
ریت میں پکی کوکی کی لزت ایسی کہ ہرکوئی کھاتا جائے مگر اسکا پیٹ بھرنے کا نام نہ لے ۔
چولستان میں ریت پر روٹی بنانے والے نان بائی نذیر احمد کہتے ہیں ہم یہاں کوکی بناتے ہیں سب سے پہلے ریت کو گرم کرتے ہیں۔اس کے بعد اس پر روٹی پکا لی جاتی ہے۔
چولستان میں خاص مہمانوں کی تواضح بھی اس روایتی روٹی سے کی جاتی ہے۔ چولستان کے باسی لیاقت علی کہتے ہیں کہ ان کے ہاں مہمان آتے ہیں تو وہ صحرائی روٹی کوکی کی فرمائش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:روہی چولستان میں ’چنن پیر‘‘ کا میلہ
یہی نہیں برگر اورپیزہ کھانے والے بھی کوکی کے دیوانے ہیں ۔ شہر کے شور سے دور شہری سکون کے لئے صحرا آتے ہیں تو وہ لذت اور ذائقے سے بھرپور صحرائی روٹی سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔
کئی لوگ دوست احباب کو یہ روٹی سوغات کے طور پر بھی پیش کرتے ہیں۔
(روٹی کی لذت بارے لوگوں کی آرا جاننے کے لیے اوپر وڈیو پر کلک کریں )
