اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا جس میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت کو باور کرایا گیا پاکستان کے پاس جواب دینے کی بھرپور صلاحیت ہے،پاکستان امن کا خواہاں ہے، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف دفاع کا بھرپور حق رکھتے ہیں،امید ہے بھارتی قیادت پاکستان کی امن کوششوں کا مثبت جواب دے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی گئی۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے سفارتی رابطوں پر کابینہ کو بریف بھی کیا، کابینہ کو عالمی سطح پر ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کی وفاقی دارالحکومت میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑھتے ہوئے آبادی کے تناسب کے باعث کثیرالمنزلہ عمارتیں وقت کی ضرورت ہیں، کثیرالمنزلہ عمارتیں ملک کے تمام بڑے شہروں میں ہونی چاہیے۔
وفاقی کابینہ نے توانائی کمیٹی کے فیصلوں اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی، کابینہ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے اخراجات کی منظوری اور کوریا کے ساتھ 500 ملین ڈالر کے معاہدے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے پاک فوج اور فضائیہ کی کارکردگی کو سراہا جب کہ کابینہ نے تقرریوں اور تبادلوں کی بھی منظور دی۔
وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
بھارتی دراندازی کے بعد کی صورت حال پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔
اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا تھا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینئر عسکری حکام بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے
26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا تھا۔
گزشتہ روز ایک بار پھر بھارتی در اندازی کی کوشش کی گئی تھی جس کو پاکستانی فضائیہ نے ناکام بناتے ہوئے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا۔
پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد پاکستان اور بھارت کا فضائی آپریشن ملتوی کر دیا گیا جب کہ پاکستان سے بھارت جانے والی سمجھویہ ایکسپریس اور دوستی بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں دشمن کے دو طیارے مار گرائے۔
