لاہور: سانحہ ساہیوال کے متاثرین انصاف کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ متاثرین نے چیف جسٹس پاکستان سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور کی مال روڈ پر سانحہ ساہیوال کے متاثرین نے احتجاجی ریلی نکالی، متاثرین کے ہمراہ احتجاجی ریلی میں پیپلز پارٹی رہنما فرحت اللہ بابر، اہل علاقہ، طلبا اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ساہیوال واقعہ کے متاثرین کی طرف سے انار کلی سے چیرنگ کراس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جب کہ مظاہرین نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا بھی دیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور پنجاب پولیس کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ پیپلز پارٹی رہنما فرحت اللہ خان بابر نے کہا کہ حکومت واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سزا دے اور متاثرین کو انصاف دلائے۔
رواں سال 19 جنوری کو سانحہ ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسران و اہلکاروں نے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک خاتون اور ایک 13 سالہ بچی سمیت چار افراد کو گولیاں مارکر جاں بحق کردیا تھا۔
مبینہ پولیس مقابلے میں ایک بچہ گولی لگنے سے زخمی ہوا جب کہ اس کی دو کمسن بہنوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے تھے۔
