اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ 15 مرغیاں چوری کرنے والا ایک سال سے جیل میں ہے جبکہ قوم کے اربوں لوٹنے والا چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بن گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت بدلی اگلا مرحلہ ہے نظام بدلنے کا، ان کی سیاست کی بدولت نواز شریف اور آصف علی زرداری کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آیا۔
انہوں نے اپنی ہی بات ایک مرتبہ پھر دہراتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور زرداری کی سیاست مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، سیاسی طور پر تحریک انصاف کو کسی قسم کا کوئی چیلنج نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اقتدار میں آتے ہی ہمارے لیے سب سے اہم چیلنج معیشت کا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے عام لوگوں میں شعور اور حقوق کی فراہمی کی بات ہوئی، اس کے بعد سیاسی طور پر لوگوں میں شعور پیدا ہوا، پہلے صرف دو سیاسی جماعتوں میں لوگ پھنسے ہوئے تھے۔
فواد چودھری نے ایک بار پھر شہبازشریف سے چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ بھی کردیا ۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دھرنے نے باریاں لینے والوں کی سیاست ختم کردی ہے، نوازشریف اورآصف زرداری قصہ پارینہ بن گئے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے
