اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء نبیل گبول نے تحریک انصاف کی حکومت کو انڈر ٹوئنٹی ٹیم قراردیا اورعمران خان اوراسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بھی تذکرہ کردیا ہے۔
پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اب طے کرلیا ہے کہ عوام کو مہنگائی، خارجہ پالیسی کے حوالے سے مشکلات سے نکالنا ہے، حکومت نے وعدوں کے مطابق کام نہیں کیا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکرردگی کی وجہ سے عوام کے ساتھ پارٹی کے اندر بھی لوگ پریشان ہیں، انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے باعث شیخ رشید استعفے کا سوچ رہے ہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم کسی سے ڈیل نہیں کررہے بلکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں،تحریک انصاف کو وقت دینا چاہتے ہیں لیکن اب تو انہیں لانے والے خود بھی پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈرٹوئنٹی حکومت ہے، ایک ماہ بعد عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے، اس بات کو ثابت کرنے کے لیے جلد اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے، معصوم لوگوں کو گولیاں مارنا اور پھران پرالزامات لگانا حکومت کی نااہلی ہے۔
ماضی میں نوازشریف ڈیل لے چکے ہیں، کنول شوذب
تحریک انصاف کی رہنما کنول شوذب نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارخارجی سطح پرپاکستان ٹیک آف کررہا ہے، دنیا کے ساتھ تعلقات اچھے ہورہے ہیں۔ ہمارے پہلے پانچ ماہ میں مہنگائی گزشتہ ادوار سے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرمیڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی منتقلی کی سفارش کی ہے تو حکومت نے اس پرعمل کرتے ہوئے انہیں منتقل کردیا گیا، حکومت نے ڈیل نہیں دینی لیکن ماضی میں نوازشریف ڈیل لے چکے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی تحقیقات درست سمت میں جارہی ہیں، اگر جے آئی ٹی رپورٹ پرتحفظات ہوئے تو جوڈیشل کمیشن بنا دیں گے۔ ایسے واقعات سے حکومت کی بھی بدنامی ہوتی ہے، ہمیں خواہش ہے کہ جلد اس معاملے میں انصاف ہو۔
نوازشریف مائنس نہیں ہوں گے، رانا افضل
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ ملک میں معیشت کہاں جارہی ہے، سرمایہ کارکا اعتماد کم ہورہا ہے یہ کچھ لوگوں یا قوتوں کو اس کا اندازہ نہیں ہے۔ حکومت نے ٹیکس بڑھانے، سرمایہ کاری پرتوجہ نہیں دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی یہ پالیسیاں صرف وقت گزارنے کے لیے ہوسکتی ہیں لیکن اس سے معیشت درست نہیں ہوگی، حکومت کو ہٹانے کے لیے اپوزیشن کے اکٹھے ہونے کی طرف حالات تیزی سے جارہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں چارٹرآف ڈیموکریسی سے بھی برا وقت آگیا ہے۔ ملک میں معیشت کے لیے سب کے اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ نوازشریف کو مائنس کرنے کی کوششیں کسی طرح کامیاب نہیں ہوں گی، وہ کوئی ڈیل کرکے کہیں نہیں جائیں گے، وہ لڑیں گے۔
