راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لورا لائی کمپلیکس کو کلیئر قرار دیتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود 800 اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
منگل کی شب جاری کیے گئے ایک بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ تین خود کش حملہ آوروں نے لورا لائی پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے ایک دہشت گرد کو گولی ماری تو حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو دہشتگرد اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ایک کمرے میں گھس گئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/127461/” position =”left”]
حملہ آوروں کی فائرنگ سے نو افراد شہید ہوئے جن میں تین پولیس اہلکار، پانچ سول ملازمین اور ایک پولیس بھرتی کیلئے آنے والا امیدوار شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشتگرد حملے میں 21 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 12 پولیس اہلکار اور نو امیدوار شامل ہیں، زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کی صبح لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈی آئی جی آفس لورالائی پر دہشت گردوں کے حملے کی مزمت کی اور واقعہ کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔
