لاہورہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔
ہم نیوز کے مطابق متفرق درخواست مقامی وکیل عامر ظہیر کی جانب سے دائر کی گئی، ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وجوہات پر مبنی حکومتی میمورنڈم درخواست کے ساتھ نتھی کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت ملزمان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر مرکزی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے۔
درخواستگزار کا کہنا ہے کہ ملزمان نیب کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں مکمل تعاون کر ہے ہیں، کسی شہری کی نقل و حرکت پر پابندی عائید کرنا خلاف قانون ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال اگست میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا تھا۔ دونوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری وزارت داخلہ نے دی تھی۔
