اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ کسی کو بھی اسکی خواہش اور منتوں کے باوجود این آر او نہیں ملے گا۔
پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقارخان سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں کی خواہش اور منت کے باوجود کوئی ڈیل یاڈھیل نہیں ہوگی، ان میں جیل میں رہنے کی ہمت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں ہوتے ہیں تو سب ادارے اچھے بن جاتے ہیںِ لیکن جب یہ اپوزیشن میں جاتے ہیںتو ادارے پرحملے شروع کردیتے ہیں۔
شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ عدالت میں سزا معطل نہیں ہوئی بلکہ نیب کی اپیل مستردہوئی ہے۔ کل اگر فیصلہ کیخلاف آگیا تو یہی ن لیگ عدالتوں پر پھر حملے شروع کردے گی۔
حکومت ہر فیصلے سے سازش نکال کرڈیل کا تاثر دینا چاہتی ہے،بہرہ مند تنگی
پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹربہرہ مند تنگی نے کہا کہ آج عوام کے پاس نہ بجلی اور گیس ہے، کسان کے لیے کھادیں مہنگی ہوچکی ہیں،وزیرخزانہ اوروزیراعظم کے فیصلوں نے ملک کو پندرہ سال پیچھے دھیکل دیا ہے۔
تحریک انصاف ہر فیصلے سازش نکالنا چاہتی ہے اور یہ تاثر دیتی ہے کہ باقی ڈیل چاہ رہے ہیں، وزیراعظم دنیا کو کرپشن کے بارے میں بات کرکے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔
اگر ڈیل کرتے تو اب کیسزکا سامنا نہ کررہے ہوتے،مائزہ حمید
مائزہ حمید: ہم نے بطور پارٹی کبھی نہیں کہ ججز بغض سے بھرے پڑے ہوئے ہیں۔ نیب کے پاس کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں۔ نوازشریف کو بیماری میں بھی ذاتی معالج سے نہیں ملایا جارہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل ہی کرنی تھی تو نوازشریف پیشی نہ بھگتتے، شہبازشریف جیل میں نہ ہوتے۔ این آراو حکومت کا خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور تحریک انصاف کا اتحاد ہے۔
مائزہ حمیدکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اقتدارمیں آکرعوام پرمہنگائی کا بم گرادیا ہے، حکومت کی کوئی سمت نہیں ہے۔
