واشنگٹن: امریکہ میں شٹ ڈاون ختم کرنے سے متعلق مذاکرات ایک بارپھر ناکامی سے دوچارہوگئےہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں اورکانگریس میں موجود ڈیموکریٹ رہنماؤں کے درمیان شٹ ڈاون کے معاملے پر مذاکرات ہوئے تاہم سرحدی دیوار کی مجوزہ تعمیرکے معاملے پر تعطل ختم نہ ہوسکا۔
امریکہ میں جاری جزوی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کیلئے فریقین کے درمیان مذاکرات دو دن جاری رہے تاہم اسکا کوئی مثبت نیتجہ نہ نکل سکا۔
نائب صدر مائیک پینس نے اپنے ٹوئیٹرپر پیغام میں کہا ہے کہ رہنماؤں کی ملاقات مثبت رہی، اتوار کو دونوں نے دوبارہ ملنے پر اتفاق کیا ہے۔
شٹ ڈاون کے باعث آٹھ لاکھ لوگوں کو تنخواہیں نہیں مل سکی ہیں، امریکی صدر کی جانب سے دیوار کی تعمیر کیلئے رقم پر باربار اصرار کیا جارہا ہے اور انہوں نے کہہ رکھا کہ رقوم کی منظوری نہ ہونے تک وہ شٹ ڈاون کو مہینوں بلکہ سالوں تک بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے 5.6 ارب کی منظوری چاہتے ہیں لیکن ڈیموکریٹ جنہیں اب کانگریس میں اکثریت حاصل ہے نے ایک بل منظور کررکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دیوار کی تعمیر کیلئے اضافی رقم کی منظوری نہیں جائے گی۔
امریکی صدرکا موقف ہے کہ ملک میں غیرقانونی تارکین وطن اورمنشیات کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے دیوار ضروری ہے، 2016 میں صدارتی مہم کے دوران انہوں نے دیوار بنانے کا کئی بار وعدہ کیا تھا۔
