اسلام آباد: گلوکارنجم شیراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بار بارحکومت ک بارے میں یہ بیان دینا کہ حکومت نہیں چل سکے گی، بیرون ملک غلط تاثر دے رہا ہے۔ اس طرح اپنے ہی ملک کو بدنام کرنا درست نہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کا وزیراعظم بننا ہی تبدیلی کا نشان تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایسے انسان ہیں جن سے عام آدمی اتفاق کرسکتا ہے۔
پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے اس طرح صحافیوں کو انٹرویو دیا،علی محمد خان
پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ایک تبدیلی ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے اس طرح صحافیوں کو انٹرویو دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بیرون ملک حکمرانوں کو پروٹوکول نہیں دیا جاتا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی اسی طرف جارہی ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/36873/” position =”left”]
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے پاس تو دوست ممالک سے قرض لینے کا آپشن ہی نہیں تھا۔ حکومت طویل عرصے سے عرصے سے چلنے والے مسائل اتنی جلدی حل نہیں کرسکتی۔ اگر گزشتہ حکومتوں کی وجہ سے مشکل وقت ہے تو قائد اعظم کا کہنا تھا مسلمان مصیبت سے نہیں گھبراتے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ کا کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اپنی ناکامیوں پر پر کھل کر تبصرہ کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سو دن میں حکومت کی سمت ہی سامنے نہیں آئی جبکہ روپے کی قدر میں تاریخ میں سب سے زیادہ کمی ہوئی۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو صرف غریب کا دکھ ہے لیکن وہ ان کے لیے کام نہیں کر رہے۔
حکومت کے منصوبے اچھے ہیں لیکن ان کا حصول ممکن نہیں، خرم دستگیر
پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے منصوبے اچھے ہیں لیکن ان کا حصول ممکن نہیں کیونکہ اس کے لیے وسائل ہی نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا اگر دوست ممالک سے مناسب قرض کا حاصل کرنا ممکن ہے تو پھر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف جھکاؤ کیوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اتنی بار آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئے۔
