لندن: پاکستانی نژاد برطانوی مصنفہ کمیلہ شمسی کو ان کے ناول ’ہوم فائر‘ پر لندن ہیلینک پرائز سے نوازا گیا ہے۔ شاندار ناول کے اعتراف میں مصنفہ کو دس ہزار پاؤنڈز کی انعامی رقم بھی دی گئی ہے۔
لندن ہیلینک پرائز یونانی تہذیب کے پس منظر میں اور یا اس عہد سے متاثر ہو کر لکھے جانے والے ادب کو دیا جاتا ہے۔ ہوم فائر، کمیلہ شمسی کا ساتواں ناول ہے جو پانچویں صدی قبلِ مسیح میں لکھے جانے والے ڈرامے ’انٹیگونی‘ کو جدید دور میں تصور کر کے لکھا گیا ہے۔
انعام کا اعلان 15 اکتوبر کو کیا گیا تھا جس کی باضابطہ تقریب منگل کی شب کنگز کالج لندن میں منعقد ہوئی۔ انعام دیے جانے سے قبل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی مصنفہ جیلئن سلووہ نے کمیلہ شمسی کا ادبی تعرف پیش کیا۔
ایک ٹویٹ میں کمیلہ شمسی کا کہنا تھا کہ انعام کے ساتھ ساتھ اپنی پسندیدہ مصنفہ کی طرف سے متعارف کرایا جانا ان کے لیےاعزاز سے کم نہیں ہے۔
https://twitter.com/kamilashamsie/status/1067438793018482688?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1067438793018482688&ref_url=https%3A%2F%2Fimages.dawn.com%2Fnews%2F1181347
ہوم فائر کو ویمین پرائز فار فکشن 2018 سے پہلے ہی نوازا جا چکا ہے۔
پاکستانی نژاد مصنفہ کمیلا شمسی 1973 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور 2007 سے لندن میں مقیم ہیں۔ ان کا پہلا ناول ’ان دا سٹی بائی دا سی‘ 1998 میں شائع ہوا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 25 برس تھی۔
