اسلام آباد: موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سرد اور خشک رہے گا۔
ماہرین موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ہفتے کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 06 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم لاہور میں صبح کے وقت درجہ حرارت کم ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ کے بیشتر علاقے بھی خشکی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسموگ کا خطرہ، کپاس کی چنائی مکمل کر لیں، محکمہ موسمیات
ملک کے بیشترعلاقوں میں ٹھنڈ، خشکی اور اسموگ کے خطرات کپاس کی فصل کو متاثر کر سکتے ہیں، ماہرین موسمیات نے کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی چنائی جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔
ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ رات کو درجہ حرات گرنے سے گندم کی کاشت بھی متاثر ہوسکتی ہے، کسان گندم کی بوائی کا کام بھی مکمل کر لیں۔
