اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام افسران پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق صرف ترجمان نیب ہی میڈیا نمائندوں کو درکار معلومات دینے کے مجاز ہوں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دیے گئے بیان کا ریکارڈ بھی پیمرا سے طلب کرلیا ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین کا مؤقف ہے کہ وہ فراہم کردہ ریکارڈ کا قانون کے مطابق جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ نیب کرپٹ عناصر کے خلاف سنجیدہ کارروائی کررہا ہے۔
ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خلاف نیب کیسز پر بات کی تھی۔
