اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کے قائدین کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں ہے جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) مکمل طور پر سیاسی ہو چکی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر مریم اورنگزیب نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے بار بار این آر او کے نعرے لگائے جا رہے ہیں جو بلکل بے بنیاد ہے۔ مسلم لیگ نون کے قائدین کو نہیں حکومت کو این آر او کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے نہیں کر سکی ہے اور اب عوام سے این آر او کر کے جھوٹے وعدوں کی معافی مانگنا چاہتی ہے لیکن عوام اس حکومت کو معاف نہیں کرے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عوام کے دلوں پر راج کیا ہے اور اب ہم حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے نہیں چلںے دیں گے۔ مسلم لیگ نون کی تحریک اور زیادہ طاقتور ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ نون کی مرکزی رہنما نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر کیا سوچ کر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں، حکومت پر امن احتجاج سے بھی خوفزدہ دکھائی دے رہی ہے جو انہیں زبردستی روکا جا رہا ہے۔ ہمارے کارکنان نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک کو نقصان پہنچے اور نہ ہی کوئی ایسا کام کریں گے۔
