لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر احمد شہزاد پر مزید 6 ہفتوں کی پابندی عائد کر دی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق احمد شہزاد نے کرکٹ بورڈ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میچز کھیلے، کرکٹر 11 نومبر سے چھ ہفتوں کی پابندی کا سامنا کریں گے۔
اس سے قبل احمد شہزاد ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بورڈ کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کررہے تھے۔ انہوں نے سزا کے باوجود سوئی سدرن گیس کی جانب سے میچز کھیلے جس پر انہیں پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
احمد شہزاد کی جانب سے شوکاز نوٹس کے جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ اپنی کرکٹ سے متعلق سرگرمیوں کو جاری رکھنا چاہتے تھے۔ پی سی بی نے کرکٹر کا جواب ناکافی سمجھتے ہوئے ان پر مزید چھ ہفتوں کی پابندی لگا دی۔
ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر سزا یافتہ احمد شہزاد کی سزا 10 نومبر کو ختم ہونی تھی، تاہم اس کے بعد انہیں نئی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں فیصل آباد میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، کرکٹر بلوچستان ٹیم کی نمائندگی کررہے تھے۔
