لاہور میں سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے موچی گیٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دکانداروں اور بسنت کے لیے پتنگوں کی خریداری کرنے والے شائقین سے گفتگو کی۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں روایتی کھیلوں اور ثقافتی تہواروں کو بحال کیا ہے اور 25 سال بعد بسنت کی بحالی ایک تاریخی قدم ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ بسنت صرف لاہور تک محدود نہیں رہے گی بلکہ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے میلہ چراغاں اور ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے روایتی میلوں کو بھی بحال کیا ہے اور آئندہ عوام کی تفریح کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
8 فروری کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا آغاز ہوگا، طارق فضل چوہدری
مریم اورنگزیب نے پتنگوں کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ طلب اور رسد کے اصول کے تحت قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ پتنگیں شہریوں کو مناسب اور سستے داموں فراہم کی جائیں۔
سینئر وزیر نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات پر عمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے تینوں دن موٹر سائیکل سوار حفاظتی راڈ لگائے بغیر سڑکوں پر نہ نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 500 چیکنگ پکٹس قائم کی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بسنت کے تینوں دن شہریوں کی سہولت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ عوام محفوظ اور خوشگوار انداز میں تہوار سے لطف اندوز ہو سکیں۔
