پشاور: حکومت نے پشاور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز پر دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا گیا
اجلاس کے دوران اہم فیصلہ کرتے ہوئے پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کرانے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں نظم و نسق صوبائی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں نافذ کیا جائے گا۔
فیصلہ کیا گیا کہ یہ ماڈل متاثرہ اضلاع خصوصاً خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ جبکہ ان اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندے، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے نمائندے شامل ہوں گے۔
فیصلے کے مطابق ایک خصوصی ذیلی کمیٹی متاثرہ اضلاع میں گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے گی۔ جبکہ مقامی آبادی کے لیے متبادل روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مستقل آمدنی کو یقینی بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔ کمیٹی عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انتظامات بھی کرے گی۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے یکساں مؤقف اپنایا جائے گا۔ جبکہ شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دو ٹیمیں بنانے پر غور کر رہے ہیں تاکہ ملک کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو، محسن نقوی
غیر قانونی سم کارڈز، بھتہ خوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا،۔ جبکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مرحلہ وار پروفائلنگ پر خصوصی توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
