متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد زوہیب کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے جاری بیان میں تصدیق کی کہ کھلاڑی کو ڈسپلنری وجوہات کی بنیاد پر اسکواڈ سے الگ کیا گیا ہے جبکہ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر امریکی کرکٹ ٹیم میں شامل
یو اے ای اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز آج نیوزی لینڈ کے خلاف چنئی میں کرے گی جو 2022 کے بعد ٹیم کا پہلا ورلڈ کپ میچ ہوگا۔ زوہیب کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے بڑا نقصان سمجھی جا رہی ہے کیونکہ حالیہ وارم اپ میچ میں یو اے ای ٹیم اٹلی کے خلاف صرف 81 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس سے بیٹنگ لائن پر پہلے ہی دباؤ موجود تھا۔
محمد زوہیب نے مئی 2025 میں یو اے ای کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 303 رنز بنا چکے ہیں، جن کی اوسط 20.20 اور اسٹرائیک ریٹ 103.76 رہا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ پہلے ہی 21 سالہ آریانش شرما کو کپتان محمد وسیم کے ساتھ اوپننگ کے لیے فائنل کر چکی ہے۔
میچ سے قبل یو اے ای کپتان محمد وسیم نے ٹیم اتحاد اور تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں بھارتی اور پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود سب ایک خاندان کی طرح ہیں اور صرف یو اے ای کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2023 میں حاصل ہونے والی کامیابی کو ٹیم کے اعتماد کے لیے اہم قرار دیا۔
واضح رہے کہ کچھ رپورٹس میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کھلاڑی کو فیصلے پر تحفظات ہیں، تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
