نئی دہلی: ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 ایک نئے جغرافیائی اور سیاسی تنازع کی لپیٹ میں آ گیا۔ جہاں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف اہم میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے کی منطق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسے احتجاج کی خاطر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ مول لے رہا ہے۔ جس کا عملی طور پر کوئی جواز نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہر میچ اور ہر پوائنٹ انتہائی قیمتی ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ کھیلنے کا مقصد اسے جیتنا ہوتا ہے۔ اور پوائنٹس ضائع کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سری لنکا میں اپنے میچز کھیل رہا ہے۔ تو پھر پیچھے ہٹنے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ممکنہ بھاری مالی نقصان سے بچنے کے لیے کسی درمیانی حل کی تلاش میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کیلئے شرائط رکھ دیں، بھارتی میڈیا
واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کو ٹی 20 ورلڈکپ سمیت کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ کا سب سے اہم اور ہائی وولٹیج مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ جہاں دونوں ہمسایہ ممالک کی ٹیمیں میدان میں ایسے مدمقابل ہوتی ہیں۔ کہ کھیل کا میدان میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔
