لاہور میں بسنت منانے والوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت منانے کا وقت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب لاہور میں بسنت رات 12 بجے کے بجائے صبح 5 بجے تک منائی جا سکے گی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں محفوظ انداز میں بسنت منانے پر شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور والوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھ لی ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ آج لاہور خوشیوں میں ڈوبا ہوا ہے اور وہ خود بھی شہریوں کے ذمہ دارانہ رویے پر بے حد خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ عوام نے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کرتے ہوئے محفوظ بسنت کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق شہر بھر میں چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی، کھابوں سے لطف اندوز ہوا گیا اور پتنگ بازی کے دوران پیچوں کے دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ سائز اور منظور شدہ ڈور کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مریم نواز شریف نے مزید بتایا کہ دھاتی تار استعمال نہ ہونے کے باعث شہر بھر میں ٹرانسفارمرز محفوظ رہے، جو انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ کامیابی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے کیے گئے پیشگی اقدامات اللہ کے فضل و کرم سے مؤثر ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لبرٹی، اندرون شہر اور دیگر علاقوں سمیت لاہور بھر میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیف بسنت کا یہ ماڈل آئندہ لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بسنت فیسٹیول کا آج آخری دن ہے اور عوام خوشی کے اس موقع پر بھی احتیاط اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
