یورپ کی بلند ترین عمارت کسی شہر کے فلک بوس ٹاور یا جدید ڈھانچے کی شکل میں نہیں بلکہ ایک تاریخی کیبن نما عمارت ہے جو اٹلی کے برفانی الپس میں ایک انتہائی مشکل مقام پر واقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ عمارت مارگریٹا ہٹ کے نام سے مشہور ہے اور سطح سمندر سے تقریباً 15 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہونے کی وجہ سے یورپ کی سب سے بلند عمارت کے طور پر جانی جاتی ہے۔
والدین کے آن لائن گیمنگ پر اعتراض پر تین بہنوں نے افسوسناک قدم اٹھایا
مارگریٹا ہٹ مونٹے روزا ماسف کے پونتا گنیفیٹی مقام پر تعمیر کی گئی ہے، جو سوئس سرحد کے انتہائی قریب واقع ہے۔ اس عمارت کا نام اٹلی کی ملکہ مارگریٹا آف ساوائے کے اعزاز میں رکھا گیا، جنہوں نے اس کا افتتاح ۱۸۹۳ میں کیا تھا۔ اُس دور میں یہاں پہنچنا انتہائی دشوار تھا، کیونکہ سخت موسمی حالات اور بلند پہاڑی چوٹیوں نے راستے کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔

ابتدائی طور پر مارگریٹا ہٹ کو ہائی الیویشن میڈیسن کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، جہاں سائنسدان بلند مقامات پر انسانی جسم پر اثرات کا مطالعہ کرتے تھے۔ بعد ازاں یہ مقام کوہ پیماؤں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر بھی استعمال ہونے لگا، تاکہ وہ شدید برفانی اور سخت موسمی حالات میں محفوظ قیام کر سکیں۔
مارگریٹا ہٹ نہ صرف مونٹے روزا ماسف کی بلند ترین پناہ گاہ ہے بلکہ اپنی نوعیت میں دنیا کے منفرد پہاڑی ڈھانچوں میں بھی شمار ہوتی ہے۔ یہاں تک پہنچنے کا واحد طریقہ پیدل سفر ہے، جس میں عموماً دو دن کا وقت لگتا ہے اور اس کے لیے جسمانی فٹنس اور پہاڑی چڑھائی کا تجربہ لازمی ہے۔
لاکھوں اینڈرائیڈ فونز سے ڈیٹا چوری کا خدشہ، فوری الرٹ جاری
یہ تاریخی مقام نہ صرف اپنی بلندی بلکہ اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع اور انسانی ہمت کی مثال کے طور پر بھی مشہور ہے، جو سیاحوں اور کوہ پیماؤں کے لیے ایک دلکش اور چیلنجنگ مقام ہے۔
