وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں محفوظ انداز میں بسنت منانے پر شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور والوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتماد کی لاج رکھ لی۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج لاہور خوشیوں میں ڈوبا ہوا ہے اور وہ خود بھی شہریوں کے ذمہ دارانہ رویے پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ لاہور کے عوام نے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کرتے ہوئے محفوظ بسنت کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہریوں نے خوش و خرم ماحول میں بسنت منانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کو بھی پوری طرح اپنایا۔ شہر بھر میں کھابوں سے لطف اندوز ہوا گیا جبکہ پتنگ بازی کے دوران پیچوں کے دلچسپ مقابلے بھی دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ سائز اور منظور شدہ ڈور کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ انداز میں بسنت منائی گئی۔ دھاتی تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے شہر بھر میں ٹرانسفارمرز بھی محفوظ رہے، جو انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے پیشگی اقدامات اللہ کے فضل و کرم سے مؤثر ثابت ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ لبرٹی، اندرون شہر اور دیگر علاقوں سمیت لاہور بھر میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال بھی تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیف بسنت کا ماڈل اب لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔
آخر میں مریم نواز شریف نے کہا کہ آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے اور عوام سے اپیل کی کہ خوشی کے اس موقع پر بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
