اسلام آباد ترلائی کلاں خودکش دھماکے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خود کش بمبار یاسر ولد بہادر خان کے بہنوئی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بھائی کو پشاور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اہم سہولت کار نوشہرہ میں مارا گیا، سب سے اہم گرفتاری خود کش بمبار کی والدہ کو اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے گئے اور 4 سہولت کار گرفتار کئے گئے، چھاپے کے دوران خودکش حملے کا داعش افغانی ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش نے کی، افغان طالبان کی سرپرستی میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں خطے کیلئے خطرہ ہیں۔
ریاست ترلائی حملے کا جواب پوری قوت سے دیگی،وزیردفاع
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں، ان کارروائیوں میں وطن کا ایک بیٹا شہید اور 3 افراد زخمی ہو گئے، دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر پورے ملک میں مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
