اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں پیش آنے والے دھماکے کے بعد پنجاب حکومت نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات شروع کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 25 ایمبولینسز کو فوری طور پر اسلام آباد روانہ کرنے کی ہدایت کی، تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے ضلع راولپنڈی کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کرنے کا حکم دیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسپتال انتظامیہ مکمل طور پرتیار رہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تمام بلڈ بینکس کو مکمل طور پرفعال کردیا گیا ہے جبکہ اسپتالوں میں اضافی ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف تعینات کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل ، اہم شواہد حاصل کر لئے گئے
مریم نواز نے واضح کیا کہ آپریشن تھیٹرز کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے اور زخمیوں کے فوری علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کو ہدایت کی کہ اسلام آباد انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید اقدامات ضرورت کے مطابق کیے جائیں گے۔
