سندھ کے علاقے محراب پور کے قریب ہالانی کے لنک روڈ پر ٹریفک کا افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ خانواہن اور ہالانی کو ملانے والی لنک سڑک پر پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں دوخواتین، ایک کمسن بچہ اورایک مرد شامل ہیں جو موٹرسائیکل پرسفرکر رہے تھے۔
حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، متوفی خواتین کی شناخت سوبھوڈیرو کی رہائشی ماروی خاتون اور ساجدہ خاتون کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق مرد اور بچے کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق قومی شاہراہ بند ہونے کے باعث بھاری ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا تھا۔ اسی دوران ٹرالر لنک روڈ کے ذریعے اپنی منزل کی جانب جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ، 31 افراد شہید ، 150 زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ لنک سڑکیں بھاری ٹریفک کے لیے موزوں نہیں ہوتیں، جس کے باعث ایسے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورجاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے ہالانی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہےعلاقے میں حادثے کے بعد کہرام مچ گیا اورمقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پرجمع ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ملوث ٹرالر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈرائیورکی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بھاری ٹریفک کے لیے مقررہ راستوں کا استعمال کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
