پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے ،وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کیے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا،ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت اشیا کی فہرست میں توسیع کے پروٹوکول کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کیلئے ایکشن پلان کی دستاویز بھی طے پا گئی،موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔
دونوں ممالک کے درمیان انٹر ریجنل فورم کے قیام کا بھی معاہدہ ہوا،غذائی تحفظ کے شعبے میں معاہدہ اور زرعی تحقیق میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
دونوں ملکوں کا پلانٹ پروٹیکشن کے شعبے میں تعاون کے پروٹوکول پر بھی اتفاق ہوا، کھیل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں میں کان کنی اور جیو سائنسز کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے دستاویز کا تبادلہ ہوا،پاکستان اورازبکستان کے درمیان سزا یافتہ افراد کے تبادلے کیلئے معاہدے کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔
نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

سائنس ، تعلیم اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تحقیق کے شعبے میں معاہدہ طے پا گیا،میری ٹائم شعبے میں تعاون اور تجارت میں سہولت کیلئے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔
ادویہ سازی کے شعبے میں تعاون کیلئے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے،ثقافتی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے معاہدے کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں کا چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی کیلئے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر ازبکستان کے صدر کو نسٹ اسلام آباد کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ دی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے صدر اور وفد کی دورہ پاکستان کی بہت خوشی ہوئی،ازبکستان کے صدر نے دوسری بار پاکستان کا دورہ کیا ہے،ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر ازبکستان کے صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

نشان پاکستان ملنے پر بھی ازبکستان کے صدر کو مبارکباد پیش کر تا ہوں،نشان پاکستان کا اعزاز دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقا ت کا عکاس ہے،دوطرفہ تعلقا ت کی مضبوطی کیلئے ازبکستان صدر کے کردارکو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں ،تاریخی حقائق ہمارے قریبی تعلقا ت اور شاندار مستقبل کی عکاس ہیں۔
ہم نے اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی ،دو طرفہ تجارت میں اضافے کا پروٹوکول معاشی تعاون کیلئے اہم سنگ میل ہے،آئی ٹی ، زراعت ، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع سے استفادہ کرنا ہے۔

اس موقع پر صدر ازبکستان شوکت مرزا ئیوف نے کہا کہ بھر پور استقبال اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں،آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے،ڈاکٹریٹ اور پروفیسرشپ ملنا میرے لیے اعزاز ہے،جس طرح ہماری شاندار میزبانی ہوئی ، بیان نہیں کر سکتا۔
